Headlines

تاجر حقیقی رہنما ہیں جو معیشت کو ترقی کی طرف لے جاسکتے ہیں سفیر پاکستان

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مثالی تعلقات ہیں اور پاکستانی تارکین وطن نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، تعمیرات کے  شعبے میں وسیع تجربات کے حامل متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار پاکستان کے رئیل اسٹیٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کاروباری  مواقع کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ  میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ تاجر حقیقی رہنما ہیں جو معیشتوں کو ترقی کی طرف لے جاسکتے ہیں- ہم پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے اس موقع پر اماراتی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے رئیل اسٹیٹ، توانائی، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت بھی دی۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دبئی کاروباری بزنس مواقع کانفرنس میں شرکت پر متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصادیات کے ڈاکٹر عبدالرحمن حسن المعینی کا شکریہ ادا کیا۔ یہ کانفرنس دبئی میں منعقد ہوئی جس میں متحدہ عرب امارات سابق سفیر جاوید ملک، معروف اینکر عامر غوری، شبیر مرچنٹ، صدر پاکستان بزنس کونسل داؤد اقبال، مسٹر محمد علی، مسٹر خان زمان خان، ملک یاسر امتیاز اعوان، مصطفی ہیمانی، سلطان محمود، بلال موتی  والا، نفر حسین، سردار یاسر الیاس (سی ای او سینٹورس)، مسٹر نجیب پردیسی (سی ای او، گیگا پاکستان) مسٹر خالد ملک (نائب صدر آئی سی سی آئی) اور پاکستان کے 100 سے زائد تاجروں نے شرکت کی۔

فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان کی60  فیصد سےزیادہ آبادی 30  سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے- پاکستان تقریبا 250  ملین آبادی کا ملک ہے جو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے وسیع تجربات کے حامل متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار پاکستان کے رئیل اسٹیٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع حاصل کرسکتے ہیں۔  سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شیخ راشد بن سعید المکتوم کی دور اندیش قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ  دبئی اس خطے کو تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے کے ان  کے خواب کی تعبیر ہے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن حسن المعینی نے کاروباری مواقع کانفرنس میں پاکستان سے آئے ہوئے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کی کاروباری برادریوں کے لئے بے پناہ امکانات اور مواقع ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان جاری بات چیت کے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری، اوورسیز پاکستانیز بزنس فورم کے صدر جاوید ملک، پاکستان کے سابق سفیربرائے بحرین  اور دیگر اہم تاجروں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے دوران پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ کانفرنس کے دوران ماہرین نے ایک تفصیلی پینل ڈسکشن میں بھی حصہ لیا۔ تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد اور دیگر سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔

Leave a Reply