Headlines

معراج النبیﷺپر شارجہ میں پروقار محفل حمدو نعت کا اہتمام

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر عظیم الشان محفل حمد و نعت کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ محفل پاک میں شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی معروف مذہبی سکالر اور عالم دین علامہ طاہر تبسم قادری پرنسپل تعلیمات نبویہ لاہورنے خصوصی شرکت کی، علامہ طاہر تبسم قادری نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں اور حسن اخلاق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اچھے اخلاق پوری انسانیت کے لئے نمونہ ہیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے پوری دنیا بہتری کی طرف بڑھ سکتی ہے، ہم اسے مینارہ بنا کر اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں، نوجوان نسل کو گمراہی کا شکار ہونے سے بچانے کے لئے والدین اپنے بچوں کو حضورﷺ کی تعلیمات اور آداب سکھائیں، محفل معراج النبیﷺ زیر صدارت خالد حسین چودھری منعقد ہوئی. جس میں معروف نعت خوان حضرات ابوبکر سلطانی، قاری محمد افضال انجم، محمد عظیم رفاعی، محمد اکرم شہزاد، محمد علی قادری، فراز احمد صدیقی، سرفراز مغل، اللہ رکھا مغل، شفقت علی قادری اور دیگر نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں ہدیہ نعت پیش کیا، محفل پاک میں شرکت کرنے والے حاضرین بڑی عقیدت و احترام سے نعت خوانی اور اسوہ حسنہ پر مقررین کے خطاب سے مستفید ہوئے، پروگرام کے اختتام پر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر خالد حسین چودھری نے مہمان خصوصی عالم دین معروف مذہبی سکالر علامہ طاہر تبسم قادری کو خصوصی شیلڈ پیش کی، تقریب کے اختتام پر متحدہ عرب امارات پاکستان اور عالم اسلام کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Leave a Reply