پاکستان مسلم لیگ (ن) شارجہ کے صدر چوہدری راشد فاروق کے اعزاز میں استقبالیہ

ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے سنیئر نائب صدر محمود الحق ڈوگر نے شارجہ سےآنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) شارجہ کے صدر چوہدری راشد فاروق اور مسلم لیگی رہنما طارق محمود کے اعزاز میں دعوت سحور کا اہتمام کیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ دعوت سحور کے موقع پر محمود الحق ڈوگر نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور گزشتہ سال کی نسبت رواں مالی سال میں اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ اس بات کا ثبوت ھے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کو درپیش مالی معاملات کا بخوبی ادراک ھے اور وہ اس کے دیرپا حل کے لئے موجودہ منتخب حکومت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ہم بحیثیت مسلم لیگی ورکر اور اوورسیز پاکستانی اس چیلنج کا سامنے کرنے اور موجودہ منتخب حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت پاکستان ترقی کی مزید منازل بھی طے کرے گا جبکہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی بدولت پاکستان کی خارجہ پالیسی بھی مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔

اس موقع پر چوہدری راشد فاروق نے  کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور اقتدار میں اوورسیز پاکستانیوں کی بہبود کا خیال رکھا ھے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت موجودہ منتخب حکومت نے بھی اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کے عزم کا ارادہ کیا ھے، انہوں نے سعودی عرب میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی امور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محمود الحق ڈوگر کی قابل فخر قیادت اور ورکرز پر ناز ھے جبکہ متحدہ عرب امارات میں بھی مسلم لیگی ورکرز اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر دم کوشاں ہیں۔

دعوت سحور میں مخدوم امین تاجر، سہیل ملک، طارق محمود اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور موجودہ حکومت کی کامیابی کے لئے اپنے ہرممکن  تعاون کا یقین دلایا اور رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں پاکستان، سعودی عرب اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لئے دعاء کی۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading