دبئی (طاہر منیر طاہر) دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں پانچ روزہ گلف فوڈ نمائش کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان کی فوڈ انڈسٹری سے وابستہ تقریباً 100 سے زائد کمپنیوں نے حصہ لیا- گلف فوڈ میں پاکستان پویلین کا افتتاح سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے کیا-
افتتاح کے موقع پرسفیرپاکستان نے کہا کہ خطے کی سب سے بڑی فوڈ نمائش میں پاکستانی نمائش کنندگان کا خورد و نوش کی مصنوعات کی نمائش کا خیرمقدم کرنا ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ فوڈ انڈسٹری سے وابستہ تقریباً 100 پاکستانی ادارے اس سال گلف فوڈ میں حصہ لے رہے ہیں۔ سفیر نے مزید کہا کہ یہ انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ خطے میں پاکستانی خوراک سے متعلق اشیاء کی برآمدات میں صرف ایک سال کے دوران 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر چاول اور گوشت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔
فیصل نیاز ترمذ ی نے کہا کہ یہ بہت متاثر کن ہے کہ پاکستانی ڈیری مصنوعات کو متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں متاثر کن رسائی حاصل کرتے ہوئے دیکھا۔ سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک ہے اور خوش قسمتی سے ہمارے پاس اس سال گلف فوڈ میں ڈیری مصنوعات کے متعدد برآمد کنندگان ہیں۔
سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی وسیع قدرتی صلاحیت کے پیش نظر برآمدات میں اضافہ ہی ملک کی معاشی خوشحالی کے حصول کا راستہ ہے۔ سفیر نے زور دیا کہ ہمارے کسان، زراعت پر مبنی صنعتکار اور تاجر ہماری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جنہیں غیر استعمال شدہ منڈیوں کو نشانہ بنا کر برآمدات کو بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے۔
گلف فوڈ ایک بہت بڑی نمائش ہے جس میں 100 سے زیادہ ممالک کی شرکت پوری دنیا سے کھانے کی مصنوعات کو راغب کرتی ہے۔ پاکستانی نمائش کنندگان بشمول چاول، دودھ کی مصنوعات، مسالہ جات، جڑی بوٹیوں، مشروبات وغیرہ جاری نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔
سفیرپاکستان نے پریس قونصلر حسین محمد، قونصل جنرل پاکستان قونصلیٹ دبئی عدیم خان، کمرشل قونصلر اور پاکستانی مشن کے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے لگائے گئے متعدد سٹالز کا دورہ کیا۔
پاکستان پویلین کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آئندہ نمائش اور دیگر برآمدات کے فروغ کی سرگرمیوں میں اپنی شرکت کو مزید بڑھائیں۔ انہوں نے شرکاء کو خطے میں برآمدات بڑھانے کے مشترکہ ہدف کے حصول میں سفارت خانے کی جانب سے مکمل تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔
شمالی امریکہ میں اردو کی آواز