Headlines

دو جماعتوں نے سندھ کو تباہ کردیا ۔ عوام 8 فروری کو اپنے محرومیوں کا بدلہ لیں گے۔فیصل ندیم،نائب صدرمرکزی مسلم لیگ

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدرفیصل ندیم نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو جماعتوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے۔ یہاں حقوق کے نام پر عوام کو لڑایا جاتا ہے۔ جو سیاستدان رہنے کے لیے باہر جاتے ہیں وہ اس ملک کے لیے کیا کردار ادا کریں گے۔ہم الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔ کراچی کے عوام 8 فروری کو اپنے محرومیوں کا بدلہ لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںاپنے انتخابی حلقہ NA235میں پہلے انتخابی جلسہ عام کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے انتخابی مہم کے پہلے مرحلے میں سندھ بھر میں ہر انتخابی حلقے میں جلسہ کرنے کا اعلان کیاہے۔جلسہ عام سے کراچی کے صدرو PS97کے امیدوار احمدندیم اعوان ،PS98کے امیدوار حافظ عبدالقیوم ،رہنماانجینئر نعمان علی ،امجد اسلام امجد،کاشف آرائیں ،میاں مقصود،حاجی عبداللطیف،محمدسعید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسہ عام میں سہراب ٹاؤن کے ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ شرکا نے 2024کے انتخابات میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا بھرپور ساتھ دینے کا اعادہ کیا۔ جلسہ عام میں دیگرپارٹیوں ، برادریوں کے رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے بھی پاکستان مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی نائب صدرو NA235کے امیدوار فیصل ندیم نے کہا کہ سہراب ٹاؤن مسائل کا گڑھ ہے۔ کراچی کو پیرس بنانے کے دعوے کرنے والے کہاں ہیں۔ عالی شان محلات میں رہنے والوں کوگوٹھوں میں بسنے والوں کے مسائل کا اندازہ کیسے ہوگا؟ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن یہاں مسائل کے انبار ہیں۔ بجلی، پانی، گیس ،تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔بنیادی ضرورت پانی بھی خرید کر پینا پڑتا ہے۔ دو جماعتوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے۔ مخلص قیادت کا انتخاب نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن عروج پر ہے۔ کرپشن کا بازار گرم کرنے والوں کے حلق سے عوام کا پیسہ کھینچ کر نکالیں گے۔ ہم الیکشن سے کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔ کراچی کے عوام 8 فروری کو اپنے محرومیوں کا بدلہ لیں گے۔ان کامزید کہنا تھا کہ فلسطین میں مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمیں لا الہ الا اللہ کا رشتہ فلسطینیوں سے جوڑتا ہے۔ پاکستان اسرائیل فلسطین جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔کراچی کے صدر و PS97کے امیدواراحمد ندیم اعوان نے کہا کہ کراچی پر راج کرنے والے اپنے پارٹی چیئرمین کے گھر پانی نہیں پہنچا سکتے وہ ایوب گوٹھ کے مسائل کیسے حل کریں گے؟سہراب ٹاؤن کی سڑکیں تباہ، سیورج کا نظام موجود نہیں ہے۔سہراب ٹاؤن منشیات اور کرائم کا گڑھ بن چکا ہے۔ منتخب نمائندے انتخابات کے بعد حلقہ انتخاب کا حال معلوم نہیں کرتے۔انتخابات قریب آنے پر سیاسی مداری ایک مرتبہ پھر سامنے آجائیں گے۔لیکن کراچی کو برباد کرنے والوں کا اختتام قریب آپہنچاہے۔کراچی کے عوام باشعور عوام ہیں ۔کراچی کو محرومیوں سے دوچار کرنے والوں کا احتساب 8فروری کو ووٹ کی طاقت سے کریں گے۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوامی مسائل کا ادراک اور مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھنے والی جماعت ہے ۔ہمارے امیدوار محب وطن اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں ۔عوام 8فروری کو کرسی کے نشان پر مہر لگا کر محب وطن قیادت کا انتخاب کریں ۔PS98کے امیدوار حافظ عبدالقیوم نے کہا کہ جس طرح آپ نے پذیرائی دی ہے ہم اس سے بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔عوام دھوکہ نہ کھائیں شعور کو ووٹ دیں۔