اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرمین قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کہیں نا کہیں فائر وال یا ویب مینجمنٹ سسٹم کی وجہ سے بھی سست ہوا ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سست رفتاری پر ہم نے متعلقہ لوگوں کو بلایا تھا، انٹرنیٹ کی سست روی سب میرین کیبل کا فالٹ ہے اور انٹرنیٹ کہیں نا کہیں فائر وال یا ویب مینجمنٹ سسٹم کی وجہ سے بھی سست ہوا ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی سست رفتار سے ٹیلی کام سیکٹرمیں تقریباً 30 کروڑ کا نقصان ہوا ہے جبکہ گھر سے کام کرنے والے فری لانسرز اور کال سینٹر کے نقصانات کے تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ امین الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے انٹرنیٹ سست روی سے پہلے آگاہ کردیتی تو یہ مسئلہ نہ ہوتا، امید ہے 27 اگست کے بعد انٹرنیٹ میں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کل چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ر) حفیظ الرحمان نے فائر وال کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ لفظ کہیں نہیں بلکہ پاکستان میں ویب مینجمنٹ سسٹم ہے جبکہ انٹرنیٹ سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے متاثر ہے۔
شمالی امریکہ میں اردو کی آواز