Headlines

اپنے آ باد واجدادکی میراث کا احترام کریں یوم آزادی پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرفیصل نیاز ترمذی کا بیان سامنے آگیا

دبئی  (طاہر منیر طاہر)   متحدہ عرب امارات میں پاکستان  کے سفیرفیصل نیاز ترمذی  نے نوجوان نسل اور تارکین وطن کو اپنے  اپنے آ باد واجدادکی میراث کا احترام کرنے کی نصیحت کردی۔

پاکستان کے یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ’میں تمام پاکستانیوں بالخصوص متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد  پیش کرتا ہوں۔ آج، ہم اپنے پیارے وطن کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، یہ دن ہم سب  کے لئے خوشی اور فخر کا باعث ہے۔ اس اہم دن کی یاد مناتے ہوئے ہم ان لاتعداد افراد کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیام  پاکستان  کے لیے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔ ان کے غیر متزلزل عزم اور قربانیوں نے  ہمارے لئے ایسے الگ وطن کی راہ ہموار کی جہاں ہم آزادی اور وقار کے ساتھ رہتے ہیں  ۔ ہماری یہ آزادی  بہت زیادہ قیمتی  ہے، لہٰذا  ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک خوشحال اور متحد پاکستان کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے اپنے آ باد واجدادکی میراث کا احترام کریں۔
متحدہ عرب امارات میں رہتے ہوئے، آپ سب اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں اور آپ میں سے ہر ایک پاکستان کا سفیر ہے۔
پاکستانی تارکین وطن نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور اقتصادی ترقی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ اس دن، میں متحدہ امارات میں 1.7 ملین سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں آپ سے  کہنا چاہتا ہوں  کہ  آ پ سب اپنے اس میزبان ملک کے مقامی قوانین، ضابطوں اور رسم و رواج کا بھرپور  احترام  کریں، جو  اس وقت ہمارا دوسرا گھر ہے۔   آئیں ہم سب مل کر پاکستان کی بہتری کے لیے  کام کریں اور ان معاشروں میں مثبت کردار ادا کریں جن میں ہم رہتے ہیں۔
   ہم سب جشن آ زادی کے اس دن کے موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔میری دعا ہے اللہ پاکستان کو مسلسل کامیابیاں عطا فرمائے اور ہم سب کی روشن مستقبل کی طرف رہنمائی فرمائے۔آمین‘۔

Leave a Reply