Headlines

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یوم استحصال کشمیر تقریب کا انعقاد

دبئی (طاہر منیر طاہر)  قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے یوم استحصال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کا مقصد کشمیری عوام کو ان کی شناخت سے محروم کرنا، خطے کی آبادی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا ہے۔ قونصل جنرل نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں سمیت بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ قونصل جنرل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے تنازعہ کے حل کیلئے بین الاقوامی برادری کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی تصویر کشی کرنے والی خصوصی دستاویزی فلموں کی بھی نمائش کی گئی۔

Leave a Reply