دبئی (طاہر منیر طاہر) دس سال بلدیاتی کونسلر کا تجربہ رکھنے والے جرمنی میں مقیم پاکستانی وسیم بٹ متفقہ طور پر ہائیڈل برگ پارلیمان کے پہلے مسلم پارلیمانی لیڈر منتخب ہوگئے ۔وہ پہلے مسلمان ہیں جو سٹی پارلیمنٹ ہائیڈل برگ میں پارلیمان لیڈر منتخب ھوئے ہیں-
یہ انتخاب چوبیس 24 جولائی 2024 کو نئی پارلیمانی جماعت HiB/Volt میں کیا گیا ہے۔ ان کے نائب کے طور پر آندریاس گوٹشالک کو منتخب کیا گیا ہے۔حالیہ نو منتخب رکن ہائیڈل برگ پارلیمان مس کترینا بورن (Katharina Born) کا کہنا ہے کہ ہم چاروں پہلی بار بلدیاتی کونسلر منتخب ہوئے ہیں جبکہ وسیم بٹ دس سال کا بلدیاتی کونسلر کا تجربہ رکھتے ہیں اسی لیے ہم نے ان کو پارلیمان لیڈر منتخب کیا ہے تاکہ ان کے تجربے سے ہم سب سیکھ سکیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے جدید اور سیاسی منصوبوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنا چاہتے ہیں اور ہماری اولین ترجیح میں سستی رہائش ،ماحول دوست نقل و حمل اور معاشی و سماجی ترقی شامل ہے۔ وسیم بٹ کو متفقہ طور پر پارلیمانی لیڈر منتخب کرنے والے اراکین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس مسلم لیڈر کے انتخاب میں ایک پیغام بھی ہم نے دیا ہے کہ ہائیڈل برگ میں سب کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں اور اس انتخاب سے ہم نے اتحاد اور امن کا پیغام بھی دیا ہے ۔ہم نے یہ بتانے اور سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ یہاں مذہب ،نظریات، نسل ملک وقوم ، عمر جنس سے قطع نظر سبھی اپنے خوابوں کو پورا کرسکیں ۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نو منتخب پاکستان نژاد پہلے مسلمان پارلیمان لیڈر وسیم بٹ نے سبھی اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جو اعزاز دیا گیا ہے اس پر سبھی کا شکر گزار ہوں ۔ یہ انتخاب حقیقت میں دو لاکھ اسی ہزار ووٹوں پر اعتماد ہے جو مجھے اور میری پارٹی کو انتخاب میں ملے تھے۔ اب ہمیں پوری طاقت سے آگے بڑھنا ہے ۔ میں چاہتا ہوں کہ میری اس مدت کے اختتام تک ہم ہائیڈل برگ میں اپنے مقاصد کا حصول چاہتے ہیں اور اس سیاسی انتخاب کے نتائج لوگوں تک پہنچانا چاہتے ہیں-