لندن (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے زیراہتمام انٹرنیشنل زوم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس دوران ڈیجیٹل دہشت گردی روکنے اور ریاست کے دفاع کیلئے مختلف فیصلے کیے گئے ۔ بیرسٹر امجد ملک نے میزبانی کی اور اوورسیز چیپٹرز کو مزید فعال کرنے پر زور دیا،اس کانفرنس میں مختلف ممالک سے مختلف چیپٹرز کے صدور اور عہدیداران نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق تلاوت کلام پاک سے میٹنگ کا آغاز ہوا۔اس موقع پر ویلکم کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ انتشاری سیاست کی مذمت کرتے ہیں ،تحریک انصاف کا ایجنڈہ سیاسی نہیں ریاست مخالف ہے، ریاست کا دفاع اوورسیز پر فرض ہے،اپوزیشن کےپراپیگینڈے کا مقابلہ ہر سطح پر کرنا ہوگا ۔
بتایاگیا ہے کہ یہ میٹنگ گزشتہ ۲۰ جولائی کی میٹنگ کا تسلسل تھا ، جس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے اوورسیز انٹرنیشنل چیپٹرز سے تجاویز و گزارشات مرتب کرنے کیلئے سینئر نائب صدر انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک کو ہدایات جاری کی تھیں، اس میٹنگ میں تمام چیپٹرز کے صدرو و عہدیداران نے اپنی تجاویزات مختصر بیان کیں ، جو وہ پہلے ہی بیرسٹر امجد ملک کو بھجوا چکے ہیں ،اب بیرسٹر امجد ملک ان کو ترتیب دیکر اعلی قیادت تک پہنچائیں گے۔
گزشتہ روز ہونیوالی مختصر میٹنگ میں محمد علی فضل، عمان ، چوہدری نثار علی خان ، مہر نثار احمد اور شکیل عباسی ملائشیا ،ذوالفقار علی بیلجئم ، ابو بکر آفندی متحدہ عرب امارات، طارق بٹ ، فلپائن ، سعید شیخ اور کاشف عزیز بھٹہ- سوئیڈن ، اشفاق انور ، شازیہ شوکت ساؤتھ افریقہ ، پرویز سندھیلہ ہالینڈ ، حمزہ طاہر ، علی شرافت آسٹریا ، قمر ریاض خان اٹلی ، راجہ ساجد سپین ، عنصر بٹ اور عمران ضیاء نے جرمنی شرکت کی ۔
ان کے علاوہ شمشاد خان کویت ، سہیل وڑائچ کینیڈا ، شمع بٹ پرتگال ، سائرہ شمس اور احسن مسعود سعودی عرب ، فرزانہ متحدہ عرب امارات ، خالد نذیر بٹ ، شاہد تنویر اور عادل منصور ناروے سے اور دیگر ارکان شریک تھے جنہوں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اووریز کو اہمیت دیتے ہیں اور حال ہی میں پاسپورٹ کے مسئلے کا بھی ڈپٹی وزیراعظم نے نوٹس لے کر حل کروادیا۔
بیرسٹر امجد ملک نے آخر میں اعلان کیا کہ چھ رکنی کمیٹی گزارشات تیار کرے گی تاکہ صدور اپنے اپنے ممالک میں پراپیگینڈے کا جواب دینے کیلئے تیار ہوں ، اکابرین کو یہ باور کروایا جائے کہ ریاست مخالف بیانیہ دراصل حکومت لینے کا بیانیہ ہے، سوشل میڈیا کو بہتر بنانے اور مغربی ممالک میں طالبعلموں سے رجوع کرنے اور سیمینار منعقد کرنے پر اتفاق ہوا۔
تارکین وطن کے لیے جلد از جلد اوورسیز کنونشن مقرر کرنے اور مسائل حل کرنے کیلے ایک ورکرز کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ حکومت سے بروقت رابطہ ہوسکے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اسحق ڈار کے دروازے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے دن رات کھلے ہیں اور یہ کریڈٹ بھی مسلم لیگ ن کو دینا ہوگا کہ 2016 میں میاں محمد نواز شریف نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کا بورڈ تشکیل دیا جس کی سربراہی بھی اوورسیز کو دی۔، اب چھ سال بعد یہ اعزاز بھی مسلم لیگ ن کے حصے میں آیا ہے کہ او پی ایف بورڈ بھی تشکیل دیااوراس کی سربراہی بھی اوورسیز کو ملی ہے، انشااللہ پنجاب اوورسیز کمیشن بھی جلد اوورسیز کے حوالے ہوگا اور کنونشن کی تجویز قائد مسلم لیگ ن کو دی جائیگی۔ آخر میں دعا کی گئی اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے میٹنگ اختتام پذیر ہوئی ۔