Headlines

پاکستان ترقی کے راہ پر گامزن , ہم آپکے حقوق کا تحفظ کریں گے آپ بھی اپنا فرض ادا کریں : ڈپٹی وزیراعظم کا مسلم لیگ ن اوورسیز چیپٹرکے صدورسے خطاب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار  نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کے راہ پر گامزن  ہے ، جہاں حقوق ہوتے ہیں وہیں فرائض بھی ہوتے ہیں ، ہم آپکے حقوق کا تحفظ کریں گے آپ بھی اپنا فرض ادا کریں ، اس موع پر بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھاکہ انتشار یوں کو شکست دیکر دم لیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق   ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے بیرون ملک مختلف ممالک میں موجود مسلم لیگ ن کے چیپٹرز کے صدور سے آن لائین میٹنگ سے خصوصی خطاب کیا ، انٹرنیشنل افئیرز کے سینئر نائب صدر بیرسٹر امجد ملک اس آن لائین کے میزبان تھے ، کئی ممالک کے صدور و سینئرز عہدیداران نے شرکت کی ، تلاوت قرآن پاک متحدہ عرب امارات سے راجہ ابوبکر آفندی  اور نعت شعبان کمبوہ نے امریکہ سے پڑھی جس کے بعداس میٹنگ کا آغاز ہوا۔

اپنے ابتدائیے میں بیرسٹر امجد ملک نے تمام صدور و عہدیداران کو خوش آمدید کہا ، یہ میٹنگ اسحاق ڈار کے کہنے پر مختصر نوٹس پر بلائی گئی تھی، بیرسٹر امجد نے اوورسیز کی فلاح و بہبو د کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات بارے بتایا،انہوں نے کہا کہ قانونی اصلاحات مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے، مسلم لیگ ن تارکین وطن کو مایوس نہیں کرے گی، مسلم لیگ ن کام کرنے پر یقین رکھتی ہے،پراپیگینڈا پر  نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سولہ نکاتی اقدامات کا  پیکج اور اقدامات انکی پارٹی کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوں گے  جن میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز،  پبلک سیکٹر ہاوسنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت  کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل  حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھییجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تھنک ٹینک کے قیام میں تارکین وطن کی آراء اور اپنے سفارت خانوں کے ساتھ ملکر نام ترتیب دئیے جائیں گے۔ بیرسٹر امجد ملک نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے قیمتی مصروفیات سے اوورسیز کو وقت دیا ۔

بیرسٹر امجد ملک نے خطاب کیلئے  انٹرنیشنل افئیرز کے صدر اسحاق ڈار   کو دعوت دی تو انہوں   نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انکی خاص توجہ انکی بھلائی کیلئے رہتی ہے ،  مشن ہے کہ اوورسیز کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلائی جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ   وزیراعظم پاکستان شہبازشریف دن رات ایک کرکے پاکستان کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں ، اٹھارہ گھنٹے تک مصروف رہتے ہیں ، چین ، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے پاکستان کے معاشی ترقی کیلئے رابطہ میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر 2017 میں نوازشریف کی حکومت نا ختم کی جاتی تو اس وقت پاکستان ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہوتا ،  اب  بھی بھرپور کوشش  ہے  کہ ہم پاکستان کو  2017  والی پوزیشن پر واپس لائیں ، میں ذاتی طور پر مصلحت پسند ہوں لیکن تحریک انصاف نے جس طرح پاکستان کو معاشی و سیاسی و خارجی نقصان پہنچایا ہے وہ قابل معافی نہیں ، اپنے اتحادیوں کیساتھ ملکر اس بارے بہتر و سود مند  قدم اٹھائیں گے ۔

 سینیٹر اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت کو عدالتی فیصلہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ، سادہ اکثریت موجود ہے  اور  ان شاء اللہ، حکومت اتحادیوں کیساتھ چلتی  رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں حقوق ہوتے ہیں، وہیں فرائض بھی ہوتے ہیں ، ہم آپکے حقوق کا تحفظ کریں گے آپ بھی اپنا فرض ادا کریں ۔ 

انہوں نے تحریک انصاف کی بیرون ملک سرگرمیوں پر سخت غصہ کا اظہار کیا اور اپنے تمام اوورسیز صدور کو کہا کہ آپ انکے جھوٹے  پراپیگینڈے کا مقابلہ کرنے کیلئےفوری اقدامات کریں ،آپ پاکستان کے بارے جہاں جہاں موجود ہیں، ان ممالک میں بات کریں اور انکو بتائیں کہ تحریک انصاف نے اپنے تین سالوں میں پاکستان کی معشیت کو کس قدر نقصان پہنچایا اور سیاسی اقدار کو پامال کیا ، نوجوان نسل کو بدتہذیب کردیا ۔

تمام کوآرڈینیٹرز اور صدور نے اسحاق ڈار   کے خطاب کا مثبت جواب دیا ، اس میٹنگ میں روحیل ڈار امریکہ ، ڈاکٹرابوالفضل آسٹریلیا ، پرویز سندھیلہ ہالینڈ ، اسد صاحب مالمو ڈنمارک ، رانا لیاقت علی جرمنی نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر مکمل اعتماد کیا اور کہا کہ وہ جلد تحریک انصاف کے پراپیگینڈے کا بھرپور جواب دیں گے  اور اپنی گزارشات پیش کریں گے ۔
اوورسیز پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے احسان باجوہ  نے کہا کہ وہ اسحق ڈار کی ہدایت پر اپنا کردار ادا کریں گے، حاجی پرویز بیلجئم ، قمر ریاض خان یورپ ، میاں حنیف فرانس ، مہر شمس و نور اعوان جاپان ، چائینہ سے غلام ربانی ، ترکی سے عاطف بٹ ، کینیڈا سے سہیل وڑائچ ، اور جرمنی سے عنصر بٹ نے بھی اسحاق ڈار   کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  اوورسیز کے مسائل بارے  آگاہ کیا  جس پر ڈپٹی وزیراعظم نے جلد عملدرآمد کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔

اس میٹنگ میں مردعہدیداران کے علاوہ خواتین بھی شریک تھیں جن میں شمع بٹ پرتگال ، فرزانہ کوثر متحدہ عرب امارات ، سائرہ شمس جدہ، ڈاکٹر کنول سعودیہ ،شازیہ شوکت ساؤتھ افریقہ سے شریک کانفرنس تھیں ، انہوں سوشل میڈیاکی اہمیت پر زور دیا ۔ آخر میں اسحاق ڈار  نے بیرسٹر امجد کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ  وہ کوشش کریں گے اسطرح کی میٹنگز میں وہ شامل ہوا کریں ۔ 

آخر میں بیرسٹر امجد  نے سعودی عرب،  محمود الحق ڈوگر ، ملک منظور اعوان ، عبدالخالق ، عمر پوری، شیخ سعید سوئیڈن ، ندیم حفیظ بحرین ، جاوید اقبال ہانگ کانگ ، راجہ ابوبکر آفندی یو اے ای ، حافظ محمد عمران ضیا سیکرٹری انفارمیشن پاکستان مسلم لیگ ن جرمنی اور باقی تمام عہدیداران جوکہ گلف و دیگر ریجن سے موجود تھے  اور ان کو بولنے کا موقع نہیں ملا، انکا بھی شکریہ ادا کیا  اور آئندہ ہفتے دوبارہ میٹنگ بلانے کا عندیہ دیا گیا، بیرسٹر امجد نے یہ بھی ہدایت کی کہ  تمام ممبران اپنے صدور کے زریعے اپنی تجاویز بھجوا دیں تاکہ آراء کی روشنی میں  کمیٹی تشکیل دی جاسکے۔ 

آخر میں مسلم لیگ ن بحرین کے جنرل سیکرٹری ندیم حفیظ کے بھائی ، مسلم لیگ ن ہانگ کانگ کے چئیرمین محمد ارشد اور جتنے بھی ساتھی رخصت ہوئے ہیں،انکی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔ کانفرنس کا اختتام پاکستان کیلئے دعائے خیر سے ہوا اور آخر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

Leave a Reply