پوسٹ حج آپریشن شروع شدید گرم موسم کے باوجود سعودی حکومت کے حج انتظامات مثالی رہے  : چوہدری سالک حسین نے دعویٰ کردیا

مکہ مکرمہ (محمد اکرم اسد) شدید گرم موسم کے باوجود سعودی حکومت کے حج انتظامات مثالی رہے ؛ پوسٹ حج آپریشن کا آغاز کر رہے ہیں ۔ یہ دعویٰ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں سعودی مکتب رحلات  و منافع کے نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

ملاقات  میں پوسٹ  حج آپریشن پر تفصیلی تبادلہ خیال  کیا گیا۔وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین  نے  اعتراف کیا کہ امسال عالمی ہیٹ ویو کے تناظر میں سعودی اداروں نے مشاعر کے دنوں میں حجاج کرام کی سہولت اور حفاظت کے لیے بہترین انتظامات کیے تھے  ۔ مشاعر مقدسہ میں  درجہ حرارت کم رکھنے کیلئے جابجا پانی کے فوارے ، ٹھنڈے پانی اور مشروبات کی سبیلیں فراہم کی گئیں جبکہ  حجاج  کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹ، ڈسپنسریاں قائم کی گئی تھیں ۔ راستوں کو کھلا رکھنے اور قریبا 20 لاکھ حجاج کرام کے اجتماع کو رواں دواں رکھنے اور مناسک حج کی بہترین انداز میں ادائیگی کروانے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں سعودی فورسز اور رضاکار تعینات کیے گئے ۔

وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں پاکستانی معاونینِ حج  کے موجود نہ ہونے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معاونین مخصوص چوراہوں پر موجود تھے لیکن رش زیادہ بڑھنے کی صورت میں انہیں وہاں سے  ہٹنا پڑا۔ تاہم رش نارمل ہوتے ہی مشاعر کے راستوں میں پاکستانی معاونین دوبارہ رہنمائی کیلئے موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کی خصوصی توجہ اور شفقت کے باعث ایام حج بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوئے  اور سخت موسم کے باوجود کوئی ناخوشگوار واقعہ رہنما نہیں ہوا۔  اجلاس میں عازمینِ حج کی مشاعر مقدسہ میں  ٹرانسپورٹ کے رش، راستہ بھولنے کے احتمال اور موسم کی شدت سے نبرد آزما کرنے کے حوالے سے جامع تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیاگیا۔ نیز حج کے موقع پر بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر زیر گردش فیک نیوز کو مکمل رد کیا گیا۔

اجلاس میں سعودی مکاتب کے ساتھ پوسٹ حج آپریشن  کے حوالے سے حجاج کرام کے سامان کی ترسیل، وطن واپسی اور دیگر امور پر آئندہ لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، سینئر جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن بریگیڈئر جمیل لاکھیر، ڈائریکٹر اے اینڈ ٹی اصغر یوسفزئی ، جوائنٹ سیکرٹری سجاد یلدرم، جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم خان ،ڈی جی سید مشاہد حسین خالد، ڈائریکٹر مکہ فہیم خان آفریدی و  دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے#

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading