Headlines

بجٹ 2024-25 زہر قاتل ہے تنخواہ دار طبقے کا گلا گھونٹ دیا گیا ملک یاسر امتیاز اعوان

دبئی (طاہر منیر طاہر) بانی ممبر پی ٹی آئی مڈل ایسٹ، سابق صدر پی ٹی آئی متحدہ عرب امارات ملک یاسر امتیاز اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ 2024-25 زہر قاتل  ہےجس میں  تنخواہ دار طبقے اور عام آدمی کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے- حالیہ بجٹ عوام پر ٹیکسوں کا بے جا بوجھ ہے جس سے  عوام الناس کی پریشانیاں بڑھیں گی- ملک یاسر امتیاز اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط و ضوابط حکومت کی نیت میں شامل نہیں ہیں اور بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے مہنگائی کی شرح 12 فیصد مکمل طور پر غیر حقیقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر ٹیکسوں کا بے جا بوجھ مہنگائی لائے گا۔ ٹیکس میں ریلیف دینے سے برآمدات بھی بری طرح متاثر ہوں گی۔ حکومت نے شرح نمو 3.6 فیصد مقرر کی ہے لیکن ورلڈ بینک کے مطابق یہ شرح 2.4 فیصد سے زیادہ نہیں ہو گی۔ یاسر اعوان نے مزید کہا کہ ٹیکس ہدف میں 48 فیصد اضافہ جو کہ 12 ہزار 970 ارب روپے ہے انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔ دوسری جانب نان ٹیکس ریونیو مہنگائی کا بڑا ذریعہ ہے جو بڑھ کر 3587 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ مجموعی قومی پیداوار کا 6.9 فیصد بجٹ خسارہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا جائے گا۔ یاسر اعوان نے یہ بھی کہا کہ وفاقی بجٹ میں پاکستان کے تنخواہ دار طبقے کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی کل تعداد 10 ملین ہے جبکہ حیران کن طور پر اس کے لیے 593 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے اعلان کردہ 1800 ارب روپے کے برعکس زراعت کے شعبے کے لیے صرف 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو کہ خود وفاقی بجٹ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ عام عوام پر ایک اور اضافی بوجھ پٹرولیم مصنوعات پر 80 روپے لیوی ہے۔ آخر میں یاسر اعوان نے کہا کہ وفاقی بجٹ کوئی عوام دوست بجٹ نہیں ہے، درحقیقت یہ قاتل بجٹ ہے۔

Leave a Reply