کراچی میں ہوٹل پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق، تین افراد زخمی

 کراچی: جمشید کوارٹر کے علاقے پٹیل پاڑہ کے قریب ہوٹل میں مسلح ملزمان نے ہوٹل پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹر تھانے کی حدود پٹیل پاڑہ کے قریب حسن زئی ہوٹل پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار قمر آزاد ، ارسلان شاکر ، فیضان اور طاہر زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

ڈی ایس پی جمشید کوارٹر ارشد حسین لغاری نے بتایا کہ دو موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے ہوٹل پر بیٹھے افراد پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار قمر آزاد جاں بحق ہوگیا۔

قمر آزاد سی آئی اے پولیس میں تعینات تھا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ارسلان ، فیضان اور طاہر زخمی ہوگئے۔

پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے ہیں جن کے مطابق پولیس اہلکار قمر آزاد اپنے دوستوں کے ساتھ ہوٹل پر کھانا کھا رہا تھا کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی ، واقعہ چھینا جھپٹی یا ٹارگٹ کلنگ ہوسکتا ہے اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے ۔

فائرنگ کے بعد کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جن کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے تیس بور پستول کے 7 اور نائن ایم ایم پستول کا 1 خول ملا ہے۔

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading