پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کی ابوظہبی ایئرپورٹ کی سی ای او ایلینا سورلینی سے ملاقات

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ابوظہبی ایئرپورٹ کی سی ای او ایلینا سورلینی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں یو اے ای کے العین ایئر پورٹ اور بلوچستان کے شہر تربت کے درمیان پی آئی اے کی پرواز وں کے آغازپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری کردہ بیان کے مطابق العین ایئر پورٹ پر منعقدہ تقریب کے دوران ملاقات کے بعد سفیر نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی العین سے تربت بلوچستان کے لئے پرواز کے آغاز کے بعد ہمیں مزید تعاون کے لئے زبردست امکانات نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی طرف سے العین سے پاکستان کے لئے ہفتہ وار تین پروازوں جن میں دو اسلام آباد اور ایک تربت کی پرواز شامل ہے کے علاوہ ہمیں دیگر مقامات بالخصوص پشاور اور دیگر بڑے شہروں کو شامل کرکے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔


سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے درمیان پاکستان کا سٹریٹجک مقام سیاحت کے لئے متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور یو اے ای میں مقیم دیگر ملکوں کے شہریوں کے لئے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ سفیر نے کہا کہ ہم العین ہوائی اڈے سے پاکستان کے دیگر شہروں تک فلائٹ کنیکٹیوٹی کو وسعت دینے کے لئے پرعزم ہیں اور اس کے لئے سی ای او ایلینا سورلینی کی مدد کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔
ابوظہبی ایئرپورٹس کی سی ای او نے العین ایئرپورٹ سے پروازوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے منعقدہ تقریب میں شرکت پر پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور العین ایئرپورٹ سے پاکستان کے مختلف شہروں کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے میں اپنے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ ملاقات میں سینئر نائب صدر گورنمنٹ ریلیشنز سلطان الظہری، ہیڈ آف ریٹیل سروسز شریفہ الکوثری اور سینئر منیجر ایوی ایشن ڈویلپمنٹ ابوظہبی مہوش خان کے علاوہ پی آئی اے کے ایریا منیجر طارق گلزار اور دونوں اطراف کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading