کیلی فورنیا (ڈیلی پاکستان آن لائن) میٹا کی جانب سے ورک پلیس نامی فیس بک کے آفس کمیونیکیشن پلیٹ فارم کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فیس بک ورک پلیس کو مائیکرو سافٹ ٹیمز اور سلیک جیسے آفس کمیونیکیشن پلیٹ فارمز کے مقابلے پر متعارف کرایا گیا تھا، مگر اب اسے بند کیا جا رہا ہے۔
میٹا کے ایک ترجمان کی جانب سے ورک پلیس کو بند کرنے کی تصدیق کی گئی۔ترجمان کے مطابق یہ پلیٹ فارم صارفین کو 31 اگست 2025 تک دستیاب ہوگا۔اسے پہلے فیس بک ایٹ ورک کہا جاتا تھا اور 2016 میں اسے عوامی طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔بنیادی طور پر اسے 2014 میں تیار کیا گیا تھا اور 2 سال تک کمپنی کے اندر اسے استعمال کیا گیا اور پھر کاروباری اداروں کے لیے متعارف کرایا گیا۔
ورک پلیس کی بندش کے فیصلے کے پیش نظر میٹا کی جانب سے اس سروس کو استعمال کرنے والے صارفین کو ستمبر 2024 سے 50 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح صارفین کو زوم کے زیر ملکیت ایک پلیٹ فارم ورک ویوو پر منتقل کرنے کی پیشکش بھی کی جائے گی۔یکم ستمبر 2025 سے ورک پلیس ریڈ اونلی (read only) اور ایکسپورٹ اونلی پلیٹ فارم بن جائے گا۔یکم جون 2026 کو ورک پلیس تک رسائی ختم کر دی جائے گی اور تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔ترجمان کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ورک پلیس کو بند کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا مگر ایک رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ ٹیمز، گوگل ورک پلیس اور دیگر پلیٹ فارمز کی سخت مسابقت کے باعث میٹا نے ورک پلیس کی بندش کا فیصلہ کیا۔