Headlines

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی سی ایل کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے جائزے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے جائزے کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ ٹیلی کام خدمات کے انضمام و استحکام پر مبنی یہ اسٹریٹجک  ٹرانزیکشن ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جس سے صارفین کو زیادہ اور بہتر خدمات حاصل ہونگی۔ 
اس ٹرانزیکشن کے حجم اورمارکیٹ کے مسابقتی عمل پر اس کے اثرات کے پیشِ نظر، سی سی پی نے اپنے جائزے کے دوسرے مرحلے میں مزید تفصیلی جانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ٹیلی کام انڈسٹری کے اندر انضمام اور اداروں کے حصول کے عمل کا جائزہ لینے کے سی سی پی کے طریقہ کار کے عین مطابق ہے۔معروف ٹیلی کمیونی کیشن ادارے، پی ٹی سی ایل نے جائزے کے عمل پراپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور جلد حتمی کلیئرنس کی امید ظاہر کی ہے، جبکہ کمپنی سی سی پی کے ساتھ فعال طور پر تعاون کر رہی ہے، اور مکمل جانچ میں مدد کے لئے جامع معلومات اور دستاویزات فراہم کر رہی ہے۔پی ٹی سی ایل نے ملکی ٹیلی کام منظر نامہ کی ترقی کے پیش نظر جدت طرازی، صارفین کے اطمینان کے فروغ، انڈسٹری میں خدمات کی فراہمی کے بہترین طریقہ کار اپنانے اور معاشی ترقی اور ڈیجیٹل انقلاب کے فروغ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ 
اس انضمام سے کمپنی کے صارفین کو مختلف شعبوں میں خصوصی فوائد حاصل ہونگے، جن میں دو آپریٹرز کے نیٹ ورکس کے یکجا ہونے سے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں بہتر نیٹ ورک کوریج کا حصول شامل ہے۔ کمپنیوں کے باہم ضم ہونے سے براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی میں تیزی سے ترقی اور بہتری ہو گی، اور 4G خدمات کے فروغ کے ساتھ ساتھ دونوں نیٹ ورکس کی ڈیٹا صلاحیتوں / سپیکٹرم کے یکجا ہونے سے ڈیٹا کی رفتار میں بھی اضافہ ہو گا۔اس کے علاوہ، صارفین کو سہولیات تک بہتر رسائی بھی فراہم ہوگی، جس میں کمپنی کے زیر انتظام سروس سینٹرز جیسے ٹچ پوائنٹس کی توسیع، چینل پارٹنرز اور ریٹیل سہولیات کو نمایاں وسعت ملے گی۔ مزید برآں، صارفین کو توسیع شدہ پروڈکٹ پورٹ فولیو سے فائدہ ہوگا، جو دونوں کمپنیوں کی مصنوعات کی وسیع رینج کا حامل ہوگا۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان تعاون سے جدت طرازی کے عمل میں تیزی آئے گی اور صارفین کی بڑی تعداد سے استفادہ کرتے ہوئے مزید جدید اور تجرباتی مصنوعات  تیار کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں، مشترکہ ادارہ مستقبل کی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے کی بہتر صلاحیتوں کا حامل ہوگا، تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔میکرو سطح پر براڈ بینڈ سروسز کی بڑھتی ہوئی رسائی کا براہ راست تعلق ملک کی معاشی ترقی سے ہے اور یہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کے حصول میں بنیادی حیثیت کی حامل ہے۔ ٹیلی کام کے شعبے میں پیش رفت کے ساتھ ساتھ ڈیل فنانسنگ میں غیر ملکی مالیاتی اداروں کی شرکت سے مزید اہم بین الاقوامی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب ملے گی، تاکہ ملک میں جدید ترین ڈیجیٹل خدمات اور سہولیات فراہم ہوسکیں۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading