سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیر کی آزادی کے معاملے پر حمایت کی : ڈاکٹر غلام نبی فائی

جدہ (محمد اکرم اسد) چیئرمین  عالمی فورم انصاف  و امن واشنگٹن ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیر کی آزادی کے معاملے اور کشمیر کے مسئلے کے پُر امن حل کیلئے ہر فورم پر  پاکستان کی بھر پور حمائت کی ہے جسکے لئے مقبوضہ کشمیر کی تنظیمیں سعودی قیادت کی شکر گزار ہیں،  یہ بات   تحریک آزادی کشمیر  پر کام کرنے والے غلام نبی فائی نے   قونصل جنرل خالد مجید کی رہائش گاہ پر  پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے اپنے خطاب میں کہی۔

تقریب میں بڑے پیمانے پر  مقامی سعودی تجارتی، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سعودی افراد اور پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر فائی کو جدہ میں خوش آمدید کہتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کیلئے طویل جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، تقریب سے سعودی سفارت خانہ اسلام آباد میں سابق  ملٹری اتاشی جنرل (ر) عبداللہ سعید الغامدی نے اپنے خطاب میں بھارتی بی جے پی، آر ایس ایس کی جانب سے کشمیری مجاہدین پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سخت مذمت کی اور  کہا کہ آج یہودی بھی فلسطین میں وہی کام کر رہے ہیں جو بھارتی حکومت کشمیر میں کام کر رہی ہے۔ تقریب سے سعودی بزنس مین سالم القحطانی نے بھی اپنے خطاب میں کشمیریوں کی بھرپورحمائت کرتے ہوئے کہا کہ  کہ مسلم دنیا کو  کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے مضبوط لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔

مہمان خصوصی ڈاکٹرغلام نبی فائی نے اپنے تفصیلی خطاب میں کہا کہ ہندوستان نے سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کو ماننے سے انکار کیا ہے، آج مسلم دنیا کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے، مسئلہ فلسطین، کشمیر، روہنگیا، شام، افغانستان کے مسلمانوں کے بھی مسائل ہیں ،  غزہ کے بچوں کی بلکتی سسکیاں ہمیں سونے نہیں دیتیں،  انکی دیکھ بھال بھی مسلمان دنیا کا فرض ہے ، آج مودی سرکار علاقے میں ایک دہشت گرد ریاست بن چکی ہے اور مشرق وسطی کا امن اسرائیل تباہ کررہا ہے۔

 ڈاکٹر فائی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک مرتبہ پھر کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا ہے،  پاکستان نے  ہمیشہ  بات چیت سے مسئلے کے حل پر زور دیا ہے مگر بھارت   نہ صرف کشمیر  بلکہ بھارت کے اندر بسنے والوں پر ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہا ہے اور انکے مذہبی معاملات میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔ او آئی سی ، اور دیگرعالمی اداروں کو اس طرف فوری توجہ کی ضرورت ہے، اوآئی سی ہمیشہ کشمیر کو اپنی قراردادوں میں شامل رکھتی ہے جسکے لئے کشمیری ،سعودی قیادت اور او آئی سی ممالک کے شکر گزار ہیں۔

 تقریب سے چئیرمین جموں و کشمیر پیپلز فریڈم اور سابق کنونیئر آل پاکستان حریت کانفرنس محمد فارو ق رحمانی، ڈاکٹر فیض العابدین، چئیرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود احمد پوری اور  سردار وقاص عنائت صدر جموں و کشمیر اوؤرسیز کمیونٹی نے بھی خطاب کیا ۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading