Headlines

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ زر مبادلہ پاکستان بھیجا : خالد مجید

جدہ (محمد اکرم اسد) قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کی محنت رنگ لا رہی ہے اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ زر مبادلہ پاکستان بھیجا ہے جبکہ ہمیں اپنے سرمایہ کاروں خصوصاً اسکانکم گروپ پر فخر ہے کہ سب وطن کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں میں ان سب کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھے اپنی فیملی کا حصہ بنایا۔ وہ یہاں اسکانکم کنٹریکٹنگ کمپنی کی گرینڈ سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے جس میں بڑی تعداد میں کمیونٹی اور کمپنی کی مینجمنٹ اور ورک فورس نے شرکت کی۔ قونصل جنرل نے کہا کے کام کرنے والوں کی حوصلہ افضائی کرنے کے بہتر نتائج نکلتے ہیں اور وہ زیادہ دلجمعی سے کام کرتے ہیں،

انھوں نے تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ بہت اچھا اقدام ہے، انھوں نے کہا میں اور میری پوری ٹیم آپ کی خدمت کے لئے ہروقت حاضر ہیں۔ آپ جہاں رہتے ہیں وہاں کے قوانین کا احترام کریں اور اپنے کردار سے ملک کی نیک نامی میں اضافہ کریں اس سے پہلے معروف صحافی، ٹیلی ویژن میزبان، سینئرتجزیہ کاراورمیڈیا کی مقبول شخصیت سہیل ورائچ نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے  ہوئے کہا کہ پاکستان ہی وہ ملک ہے جس کے قائد، محمد علی جناح نے سب پہلے فلسطین کے حقوق کے لئے آواز بلند کی تھی۔ سہیل ورائچ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ ہی وہ واحد اسلامی ملک ہے جس نے اسلامی دنیا کا پہلا ایٹم بم بنایا، یہ وہ ملک ہے جس نےعالم اسلام کا پہلا اسلامی جمبہوری آئین بنایا۔ یہ ہی وہ ملک ہے جس نے دنیا کے کم از کم 20 اسلامی ممالک کو آزاد ہونے میں مدد دی، یہ ہی وہ ملک ہے جس نے سب سے پہلے اقوام متحدہ میں جا کے مسلمانوں کی آواز بلند کی تھی۔ انھوں نے کہا سب اوورسیز پاکستانیوں کا دل پاکستان کے ساتھ رہتا ہےاور آپ بڑے حساس ہیں پاکستان کے حالات پر  بڑے پریشان بھی رہتے ہیں پاکستان کی وجہ سے، میں آپ سے یہ گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ ہرملک پہ اچھا برا وقت آتا ہے۔ ملک کبھی اوپرجاتے ہیں اور کبھی نیچے کی طرف، لیکن ملک پر کبھی اپنا اعتماد اورامید نہیں کھونا چاہیے۔ پاکستان ایک غیر معمولی حالات سے گزرا ہے پچھلے 75 سالوں میں۔ آپ داد دیجیئے کہ غیرمعمولی حالات کے باوجود ہم نے اپنے آپ کو برقرار رکھا ہوا ہے اور آگے بھی بڑھیں ہیں، ترقی بھی کی ہے انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیل زر سے لوگوں کے معیار زندگی میں بہت تبدیلیاں أئی ہیں۔ اگرچہ پاکستان میں بہت سے مسائل ہیں۔ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔ لیکن ان مسائل سے مایوس اور پریشان ہوکر پاکستان پر تنقید کرنا ، مایوسی کا اظہار کرنا یہ کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ انھوں نے کہا مجھے امید کی کرن نظر آتی ہے تو سب سے زیادہ اوورسیزپاکستانیوں سے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے پاکستان آئیں اور مسائل کو حل کرنے میں مدد کریں۔ تقریب سے کمپنی کے جنرل منیجر چودھری شفقت محمود اور کمپنی کے بانی چودھری مختار نبی و ایڈمن منیجر چودھری وقار ارشد نے بھی خطاب کیا اور ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔ اور کہا کے ہم یہاں کاروبار کرتے ہوئے جہاں مملکت سعودی عرب کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں وہیں پاکستان کو زرمبادلہ بھیج کر خدمت بھی کر رہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے، تقریب کے آخر میں پچھلے سال اعلی کارکردگی دکھانے والے سٹاف اور مینجمنٹ کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے بھی نوازا گیا۔ قبل ازیں تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغازہوا، ناظمِ تقریب ندیم آفتاب صدیقی نے نعتِ رسولِ مقبولﷺ کے اشعار پیش کئے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانہ کے بعد جدہ کے دو مشہور فنکار نعیم سندی اور فخرعدنان نے سامعین کےلئے اپنی خوب صورت آوازوں میں نغمے پیش کئے۔ تقریب کا اختتام ایک پُرتکلف عشائیہ پر ہوا۔

Leave a Reply