جدہ (محمد اکرم اسد) پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں یوم پاکستان کے دن کا آغاز قونصل جنرل خالد مجید نے قونصلیٹ کے افسران و سٹاف، پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی موجودگی میں تالیوں کی گونج میں قومی پرچم لہرا کر کیا جس کے پس منظر میں قومی ترانہ بجایا گیا , بعد ازاں تقریب میں اس اہم دن کی یاد میں صدر، وزیر اعظم اور پاکستان کے وزیر خارجہ کے موصول شدہ خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط رشتوں کے بارے میں بتایا اور اسے ایک برادرانہ رشتہ قرار دیا جس کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں۔ خالد مجید نے کہا کہ یہ دن بانیان پاکستان کی جانب سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یہ دن اتحاد، ایمان کے نظریات پر روشنی ڈالنے کا دن ہے ، اور نظم و ضبط جس کی تائید بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کی تھی۔
قونصل جنرل نے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مملکت سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت میں پاکستانی کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جبکہ سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں کمیونٹی نے اپنی محنت، لگن اور کارکردگی میں مقام پیدا کیا ہے، آج کا دن تجدید عہد کا ہے، وطن کی آزادی رمضان المبارک کے مہینے میں ہوئی جبکہ آج ہم یوم پاکستان بھی اس مبارک مہینے میں منا رہے ہیں جو اچھا شگون ہے۔
ان کاکہناتھاکہ 23 مارچ ایک تاریخی موقع ہے کیونکہ اسی دن 1940 میں قرارداد لاہور منظور ہوئی تھی۔ اس قرارداد میں اعلان کیا گیا تھا کہ ہندوستان میں مسلمان ایک الگ قوم ہیں اور اپنے لیے الگ وطن کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس قرارداد نے 1947 میں پاکستان کے قیام کی راہ ہموار کی۔تقریب کا اختتام پاکستان اور امت مسلمہ کی سلامتی، فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا اور سے ہوا۔