امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی کا بل ایوان نمائندگان سے منظور

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ایوان نمائندگان نے چینی ٹیک کمپنی بائٹ ڈینس کو ٹک ٹاک الگ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بل منظور کرلیا ہے اور خبردار کیا گیا ہے کہ دوسری صورت میں سوشل ویڈیو ایپ پر امریکا میں پابندی ہوگی۔

سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایوان نمائندگان میں مذکورہ بل 65 کے مقابلے میں 352 ارکان کی بھاری اکثریت سے منظور ہوا ۔

بل کو امریکی شہریوں کو تحفظ دینے کے لیے فارن ایڈورسری کنٹرولڈ اپیلیکیشن ایکٹ کا نام دیا گیا ہے اور اس بل کو ایوان کے رکن مائیک گیلگھیر، آر ویس اور راجا کرشنامورتھی نے 5 مارچ کو چینی کمیونسٹ پارٹی پر ایوان کی سلیکٹ کمیٹی میں پیش کیا تھا اور دو روز بعد توانائی اور تجارت کمیٹی نے متفقہ طور پر بل منظور کرلیا تھا۔

ایوان نمائندگان سے منظور ہونے والے بل میں ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے لیے خطرے سے تعبیر کیا گیا ہے کیونکہ اس کا کنٹرول مخالف بیرونی ملک کے پاس ہے۔

مذکورہ بل اب امریکی سینیٹ میں پیش ہوگا جہاں سینیٹرز اس قانون سازی کے حوالے سے تقسیم ہیں، اس کے علاوہ وفاقی سطح پر اور ریاستی سربراہی میں ٹک ٹاک پر پابندی کی کوششیں روک دی جاچکی ہیں۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading