دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نےصنفی مساوات کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مزید ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ انھوں نے پاکستانی سفارتخانے میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں شریک مختلف ممالک کی خواتین کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ دن زندگی کے تمام شعبوں میں صنفی مساوات کے حصول کے لیے ہماری اجتماعی کوششوں کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات کے موجودہ اعدادوشمار خواتین کو بااختیار بنانے کے ہمارے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مزید ٹھوس کوششوں اور اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ اس سال یوم خواتین کے تھیم کے مطابق ہمیں ملکی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے خواتین پر سرمایہ کاری کرنے اور خاص طور پر ان کی معاشی بہتری پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کرنے والی پاکستانی خواتین کے ساتھ انٹرایکٹو پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا۔ ان پاکستانی خواتین میں فٹ بال پلیئر، فٹنس انفلوئنسرزلفیہ نذیر، اداکارہ، ماڈل، انٹرپرینیورکرن ملک، مصنفہ، صحافی، پبلشر مہر ایف حسین اور فلم میکر، پروفیسر شازیہ علی خان شامل تھیں۔ پینل ڈسکشن کی نظامت صبا کریم خان نے کی۔
سفیر نے تقریب میں شامل ہونے اور اسے حقیقی معنوں میں بامعنی بنانے پر پینلسٹس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی متحرک پاکستانی خواتین کی نمایاں خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی ڈاکومنٹریز بھی پیش کی گئیں۔