دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان میں صحت کے شعبے میں فلاحی خدمات انجام دینے والی تنظیم "دی مڈلینڈ ڈاکٹرز” کی طرف سے یواے ای میں مقیم پاکستانی بزنس مینوں اور پروفیشنلز کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا-
دبئی کے ایک ہوٹل میں منعقدہ عشائیے میں 380 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کو تنظیم کے فلاحی کاموں کے بارے میں آگاہی دی گئی ۔
تقریب میں بتایا گیا کہ تنظیم کے تمام فلاحی کاموں کا انحصار عطیات پر ہوتا ہے۔ دنیا بھر سے پاکستانی معاونت کرتے ہیں۔ انتظامیہ پر کم از کم خرچ کرکے زیادہ اخراجات مستحق پاکستانیوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی میں ہوتے ہیں۔
تقریب میں یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور بزنس کمیونٹی کے سرکردہ ارکان اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔ عشائیہ تقریب کے میزبان ڈاکٹر تزئین فیصل اور فیصل نعمانی تھے۔ چیئرمین ڈاکٹر سید افتخار یوسف، وائس چیئرمین ڈاکٹر جاوید احمد رضا کی سربراہی میں تنظیم کو متحدہ عرب امارات میں بھرپور پذیرائی ملی ہے۔ مڈلینڈ ڈاکٹرز یو اے ای کی دبئی میں انٹرنیشنل ہیومینٹیرین سٹی کے ساتھ ڈاکٹر اسرار راشد کے زیر انتظام اور ایگزیکٹو بورڈ آف ٹرسٹیز کی قیادت میں 2018میں رجسٹریشن کرائی گئی تھی۔
دی مڈ لینڈ ڈاکٹرز ایدھی فاؤنڈیشن، ڈبلیو ایچ او، انٹرنیشنل ایس او ایس، ریڈ فاؤنڈیشن اور اے پی این اے (APNA) ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکا) کے ساتھ مل کر فلاحی کام انجام دیتی ہے۔
تنظیم کے زیر اہتمام آزاد جموں و کشمیر میں مڈلینڈ ڈاکٹرز میڈیکل انسٹی ٹیوٹ قائم کیا گیا ہے- اس کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے- تقریب میں میزبان ، ڈاکٹر تزئین فیصل كو اعزازى شيلڈ اور والنٹیرز کو سرٹیفکٹ پیش کیے گۓ۔
تقریب کے آخر میں موسیقی کا انتظام کیا گیا تھا۔ وائس آف یواے ای ایوارڈ یافتہ گلوکار شاہد شہباز کی دلکش پرفارمنس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے ۔