Headlines

بارسلونا میں 4ممالک کی پولیس کی کارروائی  جعلی نوٹوں کا دھندہ کرنیوالا گروہ گرفتار پاکستانی بھی شامل

بارسلونا(ارشد نذیر ساحل سے )بارسلونا میں سپین، فرانس، یونان اٹلی کی  پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے 100 یورو کے جعلی نوٹ بنانے والے گروہ کے متعدد افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ پولیس نے یہ کاروائی یورو پول کی مدد سے مکمل کی، بارسلونا میں گرفتار افراد کو عدالت نے جیل میں بھیجنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق سپین فرانس، یونان اور اٹلی کی مارکیٹ میں 10 لاکھ یورو تک کے جعلی کرنسی نوٹ پھیلائے گئے ہیں۔پولیس آپریشن میں 14 افراد کو گرفتار کیاگیاہے  جو  مبینہ طور پر جعلی نوٹ بنانے، پھیلانے اور ترسیل میں ملوث تھے۔ ہسپانوی اخباری کی اطلاعات کے مطابق تنظیم کے سرغنہ پاکستانی شہری  ہیں جوکہ اعلی درجے کے جعلی نوٹ بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں، جعلی کرنسی کا خفیہ پرنٹنگ پریس نیپوڈس میں تھا۔
پولیس نے جعلی کرنسی نوٹ کی اطلاع سامنے آنے کے بعد نومبر میں اس وقت تحقیقات کا آغاز کیا تھا  جب بارسلونا میں 100 یورو کے کرنسی نوٹ سامنے آنا شروع ہوئے تھے ۔ پولیس کے مطابق یہ جعلی نوٹ  پاکستانی نژاد لوگوں کے ذریعے منتقل کئے گئے۔
 بارسلونا میں یہ لوگ شامپلے کے علاقے میں 2فلیٹس کے اندر کام کرتے تھے، یہ لوگ مختلف دکانوں سے خریداری کرکے بقایا رقم اصل نوٹ میں حاصل کرکےتمام رقم کو قانونی بنالیتے تھے ، بارسلونا کے نارتھ بس سٹیشن، ایل پرات ائیرپورٹ پر پولیس نے70 ہزار یورو ضبط کیے۔
اطالوی پولیس نے جنوری 2023 سے جعلی کرنسی بنانے والے  نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔  بارسلونا میں جعلی کرنسی سامنے آنے کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی کہ گروہ نے  سپلائی کو دیگر یورپی ممالک تک بڑھا دیا ہے۔ پولیس نے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا جن میں مینوفیکچرنگ، نوٹوں کی تقسیم اور انہیں مارکیٹ میں پہنچانا شامل تھا۔  بولونیا، فلورنس، میلان اور10 دیگر اطالوی شہروں کے ساتھ ساتھ پیرس، نیس، مارسیلی اور ایتھنز میں پلیسمنٹ گروپس کو ختم کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply