پاکستانی کاروباری افراد کی پاک سعودی بزنس فورم کے اجلاس میں شرکت تجارتی حجم 20 ملین ڈالر تک بڑھانے کا عزم

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاک سعودی بزنس فورم کی تقریب  میں نگران وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں 25 سے زائد نامور پاکستانی کاروباری افراد نے شرکت کی، تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ پاک سعودی بزنس فورم کے اجلاس میں نگران وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان کی نامور کاروباری افراد کے ہمراہ شرکت کی ان کے علاوہ پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے پاک سعودی بزنس فورم کے چیئرمین فہد الباش ، آل سعودی چیمبر آف کامرس کے چیئرمین حسن الحویزی ، پرنس منصور بن محمد آل سعود سمیت اہم سعودی کمپنیوں اور کاروباری افراد شریک تھے۔

پاک سعودی بزنس فورم میں دونوں ممالک کے شرکاء نے سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، تعمیراتی شعبے، آئی ٹی، خوراک ، ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں کے حوالے سے گفتگو کی۔  گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے موزوں ترین ملک ہے دونوں برادر ممالک کے درمیان سالانہ 5 اعشاریہ 5 ملین ڈالرز کی تجارت ہوتی ہے جسکو سالانہ 20 ملین ڈالرز تک بڑھانا ہمارا ہدف ہے اور ہماری خواہش ہے کہ سعودی عرب سمیت جی سی سی ممالک کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی یاداشت پر جلد عمل درآمد کروایا جائے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے۔

نگران وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے سعودی کمپنیاں اور کاروباری افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ پاکستانی مصنوعات کی سعودی عرب جیسی بڑی مارکیٹ تک باآسانی رسائی سے بھی تجارتی مراسم مزید مضبوط ہونگے اور اس سے دونوں ممالک کی معاشی بہتری کے علاوہ ملازمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

پاک سعودی بزنس فورم کے چیئرمین فہد الباش کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف تجارتی اور کاروباری معاملات میں بہتری اور تیزی لانے کی ضرورت ہے تاکہ دو طرفہ تجارت کو بہتر بنایا جاسکے تاہم آج کی یہ تقریب مستقبل میں مزید بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

پاکستانی وفد میں شریک کاروباری افراد نے تقریب کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جہاں برادرانہ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں وہیں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور کاروباری مراسم کو استوار کرنا بھی نہایت ضروری ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ پاک سعودی تجارتی تعلقات مزید فروغ پائیں اور مستقبل میں دونوں ممالک ملکر آگے بڑھیں۔پاک سعودی بزنس فورم کی تقریب سے قبل نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے سعودی ہم منصب ماجد القصبی سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور کاروباری مراسم کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

Leave a Reply

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading