گوہر اعجاز کی یواے ای کے وزیرمملکت برائے تجارت سے ملاقات باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

دبئی (طاہر منیر طاہر)   پاکستان کے وزیر تجارت وصنعت و سرمایہ کاری  گوہر اعجاز اور متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے تجارت ڈاکٹر تھانی احمد الزیودی کے درمیان ابو ظہبی میں ملاقات ہوئی جس دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں بات چیت ہوئی ۔
دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں دو طرفہ تجارتی حجم کو زیادہ سے زیادہ کرنے اور پاکستان کے سروس اور لاجسٹکس کے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کے لیے مواقعوں  کی نشاندہی پر زور دیاگیا،  بندرگاہوں کی تعمیر، لاجسٹکس کے مراکز، ہوائی اڈوں کی سہولیات، شپنگ اور کارگو خدمات کی توسیع، اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری جیسے اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ 
دونوں وزراء نے طریقہ کار کو ہموار کرنے اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول بنانے کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان شعبوں میں تعاون کے امکانات کا اعتراف کیا جس سے نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ 
اس موقع پر  ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مواقع کے بارے میں پرجوش ہیں، ایک متحرک اور مربوط مستقبل کے لیے ہمارا مشترکہ وژن باہمی فائدہ مند سرمایہ کاری اور تجارتی اقدامات کی راہ ہموار کرتا ہے۔یہ ملاقات پاک امارات اقتصادی شراکت داری میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔ انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجیز اور خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے کر دونوں ممالک کا مقصد پائیدار ترقی حاصل کرنا اور عالمی منڈی میں اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔

Discover more from ہمارا اخبار

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading